27 مارچ 2015 - 17:24
شام واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار

شام کے صدر بشار اسد نے کہا ہے کہ وہ، باہمی احترام کی بنیاد پر واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق صدر بشار اسد نے امریکہ کے سی بی ایس ٹی وی چینل سے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات، ایک دوسرے کے احترام کی بنیاد پر ہی ہوسکتے ہیں- انھوں نے کہا کہ ابتک امریکیوں سے اس سلسلے میں کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے تاہم شام، مذاکرات کو ایک مثبت عمل سمجھتا ہے- واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے حال ہی میں یہ بیان دیا تھا کہ بشار اسد، شام میں بحران کا خاتمہ کرنے کیلئے مذاکرات کا حصہ نہیں ہوسکتے تاہم ان کی حکومت کے بعض عہدیدار، ان مذاکرات میں شامل ہوسکتے ہیں جبکہ اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے شام کے صدر بشار اسد کے ساتھ ممکنہ مذاکرات کی بات کرچکے ہیں- جان کیری نے اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں کھل کر اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ آخرکار ہم مذاکرات کرنے پر مجبور ہو جائیں گے- امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم جنیوا ایک کانفرنس کے دائرے میں بشار اسد کے ساتھ مذاکرات کے خواہاں تھے مگر صدر بشار اسد مذاکرات کیلئے آمادہ نہیں ہوئے- انھوں نے کہا کہ بشار اسد اگر جنیوا ایک کانفرنس کے فیصلوں پر عمل کرنے کے حوالے سے مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہوں تو ہم اس سلسلے میں اپنا اثرورسوخ بھی استعمال کرسکتے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲